ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا،پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی جیفریز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

123

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے،پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے،حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف بین الاقوامی انویسٹمنٹ بینکنگ اینڈ کیپیٹل مارکیٹس فرم جیفریز (Jefferies) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے ۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت نے سیاسی قیمت کی پرواہ کئے بغیر ملک کو گزشتہ چار سال کی نا اہلیوں کا خمیازہ بھگتنے سے بچا لیا ہے جبکہ مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے ریلیف کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونی تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔وزیرِ اعظم نےجیفریز کے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی دعوت دی۔اس موقع پر وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کو در پیش معاشی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرکے ملک کے معاشی استحکام کی سمت گامزن ہونے کو خوش آئند قرار دیا۔