اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2022 پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کا سال ہے، رواں سال حکومت سنبھالی تو ترقیاتی بجٹ آدھا رہ چکا تھا، ملک کو بے یقینی کی صورتحال سے نکالنے اوردیوالیہ پن سے بچانے کیلئے حکومت سنبھالی، اتحادی جماعتوں نے سیاسی مفادات پر ملکی معیشت کے استحکام کو ترجیح دی ، مکمل یقین ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی و استحکام میں کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ سے عالمی سطح پر اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،نوجوان طبقہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ،بلوچستان کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں،پاکستان دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے،بدقسمتی سے وژن 2025 ’’نام نہاد تبدیلی‘‘ کی نذر ہو گیا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹرن ارائونڈ پاکستان کانفرنس کے تحت تمام شعبہ جات کے نمائندگان کو مدعو کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ مل کر ایک سال کے لئے ایسے تین چار اہداف متعین کرنا چاہتے ہیں جو کہ اگلے ایک سال کے اندر حاصل کر لیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام ممالک میں ترقی کا دارومدار نجی شعبے کی شراکت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری پر ہے، ہم پاکستان کے پرائیویٹ شعبے کی ترقی کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پرائیویٹ سیکٹر، اکیڈیمیا، اور ملک کےذہین اذہان کو ٹرن ارائونڈ پاکستان کانفرنس میں مدعو کیا ہے، لوگوں کے جذبے کو دیکھ کر خوشی ہے، امریکہ، برطانیہ، دبئی سے لوگ اپنے خرچے پر آ رہے ہیں، آج ہر پاکستانی یہ چاہتا ہے کہ ہم سب مل کر ملک کو بحران سے نکالیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ممالک میں ترقی کا دارومدار نجی شعبے کی شراکت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری پر ہے، ہم پاکستان کے پرائیویٹ شعبے کی ترقی کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرن ارائونڈ پاکستان کانفرنس کے طویل المیعاد ایجنڈا کے تحت ہم مایہ ناز پاکستانیوں کے ساتھ مل کر ایسا ایجنڈا ترتیب دینا چاہتے ہیں جس کے تحت ایسے تین سے چار اقدامات اٹھائے جائیں جس سے پاکستان کی اکانومی بحال ہو، ہمیں اپنے زراعت کے شعبے کو ویلیو ایڈڈ ایگریکلچر میں لے کر جانا ہےجس سے زرمبادلہ کمائیں، اس کے لئے ہمیں طویل المیعاد منصوبے اور پالیسی کی ضرورت ہے جس میں تسلسل ہو۔
انہوں نے کہا کہ 2022 پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کا سال ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کا ترقیاتی بجٹ آخری کوارٹر میں صفر کر دیا گیا ہے کیونکہ وزارت خزانہ نے صاف انکار کردیا ہے کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں،افسوس کی بات ہے کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایٹمی دھماکے کئے تھے پوری دنیا سے پاکستان پر پابندیاں لگی تھیں پھر بھی ہم نے ترقیاتی بجٹ پر خصوصی توجہ دی اور اس طرح کے حالات نہ بنے مگر سابق نااہل حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت کو مسائل سے دوچار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتوں نے یہ ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی ہے اور پاکستان کو اس معاشی چیلنج سے نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔