ملک کو معاشی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اچھے فیصلےکرنا ناگزیر ہیں، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

157

کراچی ۔24دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اچھے اور درست فیصلےکرنا ناگزیر ہیں، دانشمندی اور بہتر فیصلہ سازی سے ملک میں معاشی بحالی ممکن ہو سکتی ہے،پاکستان جو بھی فیصلہ کرے وہ کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کے باوجود امید کی کرنیں موجود ہیں، سیاست دانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کو جڑوں سے حل کرنے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کے پاس بہترین ماہرین موجود ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ چیزوں پر عمل نہیں ہوتا۔ تاجر برادری پر زور دیتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ بزنس چیمبرز خواتین کے لیے مواقع بڑھائیں۔ انہوں نے خواتین کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق ملازمتوں پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈیجیٹل سکلز انیشیٹیو لیا گیا اور یہ ایک مفت پروگرام ہے، 2.2 ملین نوجوانوں نے خود کو ڈیجیٹل ٹولز سے آراستہ کرنے کے لیے اس میں حصہ لیا۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے شیلڈ پیش کی۔