اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے تحریک عدم اعتماد کی منظوری کے تین سال مکمل ہونے پر پی ڈی ایم کے تمام قائدین کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن عوام ، آئین اور پارلیمنٹ کی فتح کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 اپریل محمد نوازشریف کے سیاسی وژن ، صبر اور ملک وقوم سے وفاداری کی جیت کا دن ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) سمیت پی ڈی ایم کی سیاسی و جمہوری جماعتوں کی قیادت کی سیاسی جدوجہد کی فتح ہوئی ہے،تین سال میں ملک کو ڈیفالٹ کے اندھیروں سے بچا کر ترقی کے اجالوں کی طرف واپس لائے ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نواز شریف دور کی 3.8 فیصد کی مہنگائی 40 فیصد کی تاریخی سطح پر پہنچاکر عوام کا کچومر نکال دیا
، پی ٹی آئی کے چار سال کے دور میں معاشی ترقی منفی ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں ملک 6 فیصد سے زائد کی رفتار سے ترقی کر رہا تھا، تین سال پہلے نوازشریف کی ہمت سے ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمٰن اور تمام پی ڈی ایم قائدین نے تاریخی کردار ادا کیا، نوازشریف نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا تھا،
پی ٹی آئی چار سال میں یہ مسائل واپس لے آئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج جمہوریت کی بات کرنے والوں نے تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لئے آئین شکنی کرتے ہوئے قومی اسمبلی توڑ دی تھی، نوازشریف نے 60 لاکھ لوگوں کو روزگار اور ایک کروڑ کو غربت سے نکالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بند گلی میں لے جانے والا آج خود اڈیالہ جیل میں بند اور مکافات عمل کا شکار ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580329