ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے خواتین کو تعلیم اور خصوصاً اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بہترین موقع فراہم کرنا ضروری ہیں،زاہد اکرام درانی

116

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرام درانی نے کہا ہے کہ ہماری آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ خواتین پر مشتمل ہے ، ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے خواتین کو تعلیم اور خصوصاً اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بہترین موقع فرام کرنا ضروری ہیں، انہوں نے ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے ہائر ایجو کیشن کمیشن( ایچ ای سی ) کے قردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجو کیشن کمیشن کو ملک کے دور دراز علاقوں میں خواتین کواعلیٰ تعلیم کے موقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختیار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات کی ،ملاقات میں وائس چانسلر بنوں یونیورسٹی اور ہائر ایجو کیشن کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں بنوں میں وویمن یونیورسٹی کے قیام اور خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرام درانی نے کہا کہ بنوں اور خیبرپختونخواہ میں خواتین کیلئے اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے ان اضلاع کی خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اعلیٰ تعلیم کےحصول کیلئے پشاور اور دیگر دور دراز اضلاع میں جانا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ بنوں جنوبی اضلاع کا مرکزی مقام ہے بنوں میں خواتین کی یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع بلکہ اس سے ملحقہ دیگر اضلاع کی خواتین اعلیٰ تعلیم سے مستفید ہوں گی ۔

انہوں نے بتایا کہ قلم بی بی انٹرنیشنل وویمن انسٹی ٹیوٹ آف بنوں بل 2023 قومی اسمبلی کے بعد سینٹ آف پاکستان سے بھی کثرت رائے سے منظور ہو گیا ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے نہ صرف بنوں کی طالبات کو معیاری اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا بلکہ دیگر جنوبی اضلاع کی طالبات بھی اس سے مستفید ہوں گی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے چیئرمین ایچ ای سی کو بنوں میں خواتین کیلئے یونیورسٹی کے قیام کیلئے فوری اقدامات کرنے کیلئے کہا۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکر مختیار نے قلم بی بی انٹرنیشنل وویمن انسٹی ٹیوٹ آف بنوں بل 2023 قومی اسمبلی اور سینٹ آف پاکستان سے منظوری پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور قلم بی بی انٹرنیشنل وویمن انسٹی ٹیوٹ آف بنوں کی منظوری کو جنوبی اضلاع کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ قرار دیا ۔ چیئر مین ایچ اہی سی نے ڈپٹی اسپیکر کو بنوں میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں ایچ ای سی کی جانب سے اٹھائیے گئے اقدمات کی تفصیلات سےآگاہ کیا اور ایچ ای سی کی جانب سے جنوبی اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔