اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی ترقی کے لئے اپنی سوچ کو بدل کر انفرادیت کے بجائے اجتماعیت کو اپناتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، جو لوگ قومی سو چ رکھتے ہیں اور قوم کے لئے کچھ کر گزرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں اللہ تعالیٰ اُن کی مدد فرماتا ہے اور اُن کے لئے آسانیاں پیدا کرتا ہےاُنہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اسلام آباد میں باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور گجو خان میڈیکل کالج کے پرنسپل اینڈ چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر فصیح الزمان کو 23.09 ملین کی لاگت تین ایمبولینسز عطیہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور گجو خان میڈیکل کالج ڈاکٹر عبداللطیف خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس کو ایمبولینسز کی سہولیات میسر ہونے سے ضلع صوابی کے غریب عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انسانیت کے لئے کام کرنے سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے اور جو لوگ دکھی انسانیت کے لئے کام کرتے ہیں اُن پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے لئے کام کرنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا نصب العین سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی فلاحی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت ملک بھر میں غرباء کو روزگار، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔انہوں نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے ہمیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مشکل دور سے گزر رہی ہے جس کی وجہ سے ملک لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا ایسے میں عوام کو روزگار اور کاروبار کو چلانے کے لیے احتیاطی تدابیروں پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے قومی ہیروز ہیں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر فصیح الزماں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر نے بطور اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی جس میڈیکل کمپلیکس کے قیام کی بنیاد رکھی تھی اس کو جدید سہولیات سے آرستہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس کو ایمبولینس کی فراہمی ایک اہم اقدام ہے جس سےضلع صوابی کے عوام استفادحاصل کر سکیں گے۔