ریاض۔5ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جمعے تک گرج چمک کے ساتھ جاری رہنے کا امکان ہے۔سعودی ذرا ئع ابلاغ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی پیش گوئیوں کی بنیاد پر نظامتِ عامہ برائے شہری دفاع نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مختلف میڈیا اداروں کے ذریعے اعلان کردہ ہدایات اور انتباہ پر عمل کریں۔
محکمہ شہری دفاع نے غیرمحفوظ مقامات اور ساحلی علاقوں میں پیراکی سے گریزکرنے پر زوردیتے ہوئےکہا کہ گرج چمک کے دوران ہر کسی کے لیے محفوظ مقامات پر رہنا اور طوفان، دلدل، وادیوں اور ایسے تمام مقامات سے بچنا ضروری ہے جہاں پانی جمع ہوتا ہے۔شہری دفاع نے اشارہ دیا ہے کہ مکہ مکرمہ، عسیر، جازان اور الباحہ کے علاقے درمیانی اور شدید بارشوں سے متاثر ہوں گے جس سے سیلاب کاخدشہ ہے، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے سے دھول کا طوفان آسکتا ہے۔
مکہ مکرمہ کے علاقے طائف، الجوم، بحرہ، القنفذہ، اللیث، الکامل، خلیس، میسان، ادھم اور العرضیات میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاض ریجن میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے،وادی الدوسر، السلیل، القويعيہ، عفیف اور الافلاج، مکہ مکرمہ کے علاقے المویہ، الخرمہ، رنیہ اور تربہ کے علاوہ مدینہ منورہ اور نجران کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔