اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):ممتاز شاعر ، نژ نگار اور دانشور جون ایلیا کی 91ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے ادارہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکشنز کے زیر اہتمام مشاعرہ اور ماہ نو ”جون ایلیا نمبر” کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد مہمان خصوصی تھیں جبکہ مشاعرہ کی صدارت افتخار عارف نے کی۔
انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں بدھ کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ اردو کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں ممتاز علمی شخصیات اور شعرا ء نے جون ایلیا کی شاعری اور زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جون ایلیا شاعری میں اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے، اردو ادب میں ان کی خدما ت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے جون ایلیا کی شاعری اور اردو ادب کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جون ایلیا کی 91ویں سالگرہ کے موقع پر مشاعرہ کے انعقاد اور ماہ نو ’’جون ایلیا نمبر‘‘ کے اجراء پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکشنز کی تعریف کی۔ انہوں نے مشاعرہ میں شریک شعراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے درمیان پا کر بہت خوشی ہوئی ہے، ایک طویل عرصہ کے بعد خبروں سے ہٹ کر اس قسم کی تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے جس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور شعبہ اردو کا ماہ نو ”جون ایلیا نمبر” اور مشاعرے کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف شاعر افتخار عارف نے کہا کہ جون ایلیا اردو کے ایک بڑے شاعر تھے، جون ایلیا پر بہت کم کام ہوا، وہ ایک اچھے نثر نگار بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ غالب اور اقبال ایک مشکل شاعر تھے اور ان کی پیروی کرنا بہت مشکل ہے، اسی طرح جون ایلیا کی شاعری کی پیروی کرنا بھی بہت مشکل ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک بہت بڑے شاعر تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جون ایلیا کے ساتھ رہنے کا شرف حاصل ہوا ۔ افتخار عارف نے اس موقع پر مشاعرہ کے انعقاد اور جون ایلیا نمبر کی اشاعت پر وزارت اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی کاوش ہے، وہ بھی ایک طویل عرصہ تک وزارت اطلاعات سے وابستہ رہے۔ انہوں نے مشاعرہ میں موجود شعراء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہترین اشعار سننے کا موقع ملا، یہ نوجوان اردو شاعری کا مستقبل ہیں۔
افتخار عارف نے کہا کہ انہوں نے کبھی بے وزن شعراء کو داد نہیں دی، بلاشبہ یہاں بہترین شاعری سننے کو ملی۔ مشاعرہ میں وحید احمد، عباس تابش، قمر رضا شہزاد، انجم سلیمی، رانا سعید دوشی، حارث خلیق، عباس نقوی، شکیل جاذب، اختر سلیمی، فیصل ہاشمی، علی زریون، صغیر انور، سعدیہ بشیر، عدنان بشیر، احمد عطائی، ڈاکٹر فخر عباس، حماد نیازی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور شعبہ اردو کی سربراہ محترمہ ارم نے بھی شرکت کی اور حاضرین کو اپنے کلام سے محظوظ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکشنز کی ڈائریکٹر جنرل عمرانہ وزیر نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد کو ماہ نو کے خصوصی شمارے ’’جون ایلیا نمبر ‘‘ کی کاپی بھی پیش کی۔