منڈہ ہیڈ ورکس سیلابی پانی میں بہہ گیا،چارسدہ،نوشہرہ اور گرد ونواح میں سیلاب کا خطرہ ،انتظامیہ کی طرف سے الرٹ جاری

172

پشاور۔27اگست (اے پی پی):منڈہ ہیڈ ورکس سیلابی پانی میں بہہ گیا،چارسدہ،نوشہرہ اور گرد ونواح میں سیلاب کا خطرہ، انتظامیہ کی طرف سے الرٹ جاری کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 26 اگست کی رات گیارہ بجے چارسدہ میں منڈا ہیڈ ورکس کا آدھا حصہ سیلابی پانی کی وجہ سے تباہ، دو عدد ڈسچارج کنٹرول سیکشن پانی میں بہہ گئے سیلابی پانی تیزی سے نشیبی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انتظامیہ کی طرف سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ چارسدہ، نوشہرہ اور گردونواح کے علاقوں میں سیلاب کا یقینی خطرہ ہے۔انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے اپنی اور اپنے پیاروں کی جان بچانے کی خاطر اپنے گھروں سے نکلیں اور حکومت کے مقرر کردہ کیمپوں میں تشریف لے جائیں۔دوسری جانب فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن و پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ضلع نوشہرہ میں ہائی لیول 300000کیوسک سیلابی ریلا گزرنے کی وارننگ جاری کردی،ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے ضلع بھر میں فلڈ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا۔ایمرجنسی نافذ ہونے کی صورت میں تمام نجی تعلیمی ادارے آئندہ 2 روز کیلئے بند کر دیئے گئے۔ ہسپتال، نجی عمارت اور گاڑیاں ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول میں رہیں گے تاکہ ایمرجنسی صورت میں لوگوں کے معالجے اور محفوظ مقام پر منتقلی کا انتظام کیا جاسکے۔بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے دریائے کابل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریائے کابل اور اس سے ملحقہ نشیبی علاقوں قاسم علی بیگ، کندی تازہ دین، زڑہ میانہ، امان گڑھ، خیشگی بالاوپایان، نوشہرہ کلاں، چوکی درب، خدزیری، امانکوٹ، محب بانڈہ، بارہ بانڈہ، کوترپان، رشکئی، پیرسباق، گڑھی مومن، کیمپ کورونہ، بانڈہ شیخ اسماعیل اور دیگر ملحقہ علاقوں اور دریا کنارے آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں رابطہ نمبر 09239220098/99جاری کر دیا ہے۔