اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 83.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمارکے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2020 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 492.894 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2019 کے دوران درآمدات کی مالیت 269.087 ملین ڈالر رہی تھی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دروان موبائل فونز کی قومی درآمدات میں 223.807 ملین ڈالر یعنی 83 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق ستمبر 2020 میں موبائل فونز کی درآمدات 76.69 فیصد اضافہ سے 186.531 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ ستمبر 2019 کے دوران موبائل فونز کی قومی درآمدات کا حجم 105.568 ملین ڈالر رہا تھا۔ دوسری جانب اگست 2020 کے مقابلہ میں ستمبر 2020 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 17.79 فیصد اضافہ سے 158.364 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 186.531 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی درآمدات 57.54 فیصد اضافہ سے 590.283 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے تین مہینوں کے دوران شعبہ کی درآمدات کا حجم 374.688 ملین ڈالر رہا تھا۔ اسی طرح ستمبر 2020 کے دوران ٹیلی کام شعبہ کی مجموعی درآمدات 62.13 فیصد اضافہ سے 219.982ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ ستمبر 2019 میں درآمدات کا حجم 135.682 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔