موجودہ حکومت عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اپنی تمام تر مخلصانہ کوششیں بروئے کار لائے گی، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ

56
پانی ذخیرہ کرنے کا واحد راستہ نئے ڈیموں کی تعمیر ہے،سید خورشید احمد شاہ

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اپنی تمام تر مخلصانہ کوششیں بروئے کار لائے گی، بین الاقوامی قرضوں اور پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے قومی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کو ہٹانے کا الزام لگانے اور مخالفین کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں لوگوں کو بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی، موجودہ حکومت عوامی اجتماعات سے نہیں بلکہ گڈ گورننس کے ذریعے سابق وزیراعظم عمران خان کو جواب دے گی۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، غلط اور بے بنیاد مقدمات کا اضافہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرتا ہے اور ملکی ترقی کا پہیہ روکنے کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی نے دیگر سیاسی اتحادی جماعتوں اور پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کی مدد سے جمہوری اور آئینی طریقے سے پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹایا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں 35000 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے لیکن بدانتظامی کی وجہ سے لوگوں کو بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔