موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل

107
موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے،وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل

کراچی۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، اقتدار میں آنے کے بعد آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح تھی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی بی اے کراچی میں "پاکستان کی معیشت کی موجودہ حالت” پر ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ایک مشکل سیاسی فیصلہ تھا لیکن یہ آخری حربہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ صرف ملک کو بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے اس کے پروگرام کی بحالی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے پچھلی حکومت کے ان اقدامات پر بھی تنقید کی جنہوں نے ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے پر دھکیلتے ہوئے معیشت کے لیے چیلنجز پیدا کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں تقریباً 20 ہزار ارب روپے قرض لیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور تاجر برادری کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے دانشمندانہ پالیسیاں اپنا کر ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور میں ملک میں بجلی کی پیداوار دوگنی کر دی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ زرعی پیداوار کو بہتر بنانے ، امپورٹس کو کم کرنے ، ایکسپورٹس کو بڑھانے ،تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور معاشی نظم و نسق کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔

وفاقی وزیر نے حالیہ سیلاب سے زندگی اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو اس آزمائش کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اوران کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے دیئے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنی راشن کی ضروریات پوری کر سکیں۔مباحثے میں طلباء ،آئ بی اے فیکلٹی اور دیگر شرکاء نے شرکت کی ۔