موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان کے مزدور طبقے کے مسائل سے آگاہ ہے،میر محمد صادق عمرانی

8

ڈیرہ مراد جمالی ۔ 01 مئی (اے پی پی):بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر ایریگیشن و پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر میر محمد صادق عمرانی نے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر اپنے ایک پیغام کہا ہے کہ عالمی یوم مزدور یکم مئی دن کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور قربانی کا دن یکم مئی ہے جہاں 1886ء میں شکاگو میں سرمایہ دار طبقے کے خلاف اٹھنے والی مزدور آواز اور اپنا پسینہ بہانے والے مزدور طبقے کو خون میں نہلا دیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ ایک صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پوری دنیا ہر سال یوم مزدور منا کر اس عزم کی تجدید کرتی ہے

کہ معاشرے کا یہ اہم طبقہ نہ صرف ہماری ضرورت بلکہ ہمارے وجود کا حصہ بھی ہے۔میر صادق عمرانی نے کہا کہ پوری دنیا کی ترقی و خوشحالی مزدور طبقے کی مرہون منت ہے کہ آج زندگی کے کسی بھی شعبے سے مزدور کی محنت نکال لی جائے تو کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ جائے۔