مودی حکومت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، مشعال ملک

107
ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پاکستان نے خطہ میں توازن برقرار رکھا ہے،مشعال حسین ملک

مظفرآباد۔2جون (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک جو جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر سربراہ محمد یاسین ملک کی اہلیہ بھی ہیں نے آج آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی بستی مانکپیاں کا دورہ کیا۔

مہاجر کیمپ آمد پر پاسبانِ حریت کے نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم، شعبہ خواتین کی سربراہ مہناز قریشی، پرنسپل ریڈ فاؤنڈیشن خواجہ محمد صادق، محمد فیاض خان، فیصل فاروق شیخ، محمد اسحاق شاہین ،معلمات شہناز قاضی، رفعت فاروق، نسرین الطاف، عاصمہ بی بی، کوثر حاکم دین سمیت بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے انکا استقبال کیا۔ مشعال حسین ملک نے اس موقع پر مقبوضہ وکشمیر کی حالت زار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے مگر تمام تر چیرہ دستوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیر یوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور بھارت انکے جذبہ حریت کو توڑنے کیلئے انہیں مسلسل انتقام کا نشانہ بنا رہاہے لیکن وہ حق پر مبنی اپنے موقف پر مضبوطی سے ڈٹے ہوئے ہیں۔ عثمان علی ہاشم، مہناز قریشی، خواجہ محمد صادق اور دیگر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو محمد یاسین ملک سمیت دیگر کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر انکی رہائی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ مشعال ملک نے اس موقع پر دیکر لوگوں کے ساتھ ملکر م”رہا کرو، رہا کرو یاسین ملک کو رہا کرو ، ہم لے کر رہیں گے آزادی ، بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔