27.7 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومعلاقائی خبریںمودی کا اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور ہو گیا ،عظیم فتح...

مودی کا اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور ہو گیا ،عظیم فتح پر پوری پاکستانی قوم یوم تشکر منا رہی ہے،عظمی بخاری

- Advertisement -

لاہور۔11مئی (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مودی کا اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور ہو گیا ،افواج پاکستان نے بہادری اور جرات کی ایک اور تاریخ رقم کر دی ، اللہ تعالی نے پاکستان ، عوام اور مسلح افواج کو سرخرو کیا ،عظیم فتح پر پوری قوم یوم تشکر منا رہی ہے ،بھارت کے عوام مودی سے ہزیمت کا جواب مانگ رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں شاہدرہ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ اللہ پاک کا کروڑوں دفعہ شکر و مہربانی ہے آج فتح کا دن دکھایا ،وہ دشمن جو پاکستان کیخلاف سازشیں کرتا رہتا ہے اسے شکست سے دوچار کر کے اللہ تعالی نے پاکستانی فوج اورعوام کو سرخروکیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے عوام، وزیر اعظم محمد شہبازشریف ،پوری کابینہ، سپہ سالار جنرل عاصم منیر ، ظہیر بابر اور نوید اشرف سمیت تمام شاہینوں کو جنہوں نے ملکی سالمیت کا تحفظ کیا سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو بڑا شوق ہے ناشتہ لاہور میں کرنا ہے، شاہینوں نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دے کر نہ صرف ناشتہ بلکہ دوپہر اور چند سالوں کے کھانے بھی بھارت پہنچا دئیے ہیں،مودی اکھنڈبھارت کا بدمعاش بننا چاہتا ہے ایسا سبق سکھایا کہ رافیل طیارے جس کے بارے کہا جا رہا تھا اسے کوئی فوج گرا نہیں سکتی پاکستانی شاہینوں نے اسے گرایا ہے ، فرانس اب اپنے رافیل طیاروں کے بارے میں یہ جواب دیتا پھر رہاہے کہ طیارے بالکل ٹھیک ہیں لیکن اس کو اڑانے والوں کو ان کے استعمال سے نا واقف تھے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ جے ایف تھنڈر کا پروگرام محمد نوازشریف پاکستان لائے، بھارت کو جب اپنی شکست یقینی نظر آنے لگی تو اس نے کشید گی کو ختم کرانے کیلئے ٹرمپ کو درخواست دے دی، ٹرمپ کو کہہ کر بھارت نے سیز فائر کروایا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان میں بے شک بھارتی ڈرونزحملے ہوئے لیکن پاکستانی عوام کسی خوف میں مبتلا نہیں ہوئے اور وہ ڈرونز کو کندھوں پرا ٹھا کر اسکا جنازہ پڑھ رہے تھے، بھارتی حملوں پر کوئی پاکستانی چھپا نہیں بلکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، یہ ہے قومی جذبہ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی جو کہتے تھے کہ پاکستان کو گھس کر ماریں گے، وہ تو ایسا نہ کرسکے لیکن پاکستانی گھسے ، انہیں مارا اور پھر واپس آئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام پاکستانی طیارے و فوجی محفوظ ہیں، اس کامیابی پر پوری قوم یوم تشکر منا رہی ہے اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے ،پاک افواج نے مدبرانہ انداز میں حملہ کئے، کچھ لوگوں کو لگتا تھا کہ پاکستان حملہ نہیں کرے گا، سو سنار کے بعد ایک لوہار کی ہوتی ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا جب حملہ کریں گے تو بتانا نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ چار گھنٹوں میں گھٹنوں کے بل پر آ کر مودی نے کہا کہ جنگ بند کروا دو ، جن بچوں اور عورتوں کو بھارتی فوج نے شہید کیا تو جہازوں پر ان کے نام لکھ کر بھیجا تھا،بھارتی میڈیا بتا نہیں رہا کہ کتنا نقصان ہوا ہے، مودی اور امیت شاہ کا جنگی جنون بھارتی عوام بھگت رہے ہیں، انڈین عوام ان سے استعفوں کا مطالبہ کرر ہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں محمد نواز شریف کا بہت بڑا ہاتھ ہے ،محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایٹمی قوت بن چکا ہے اور اس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،جو پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کرے گا اسے منہ کی کھانا پڑے گی،مسلم لیگ ن کی جب بھی حکومت آتی ہے تو پاکستان ترقی کرتا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بات کئے بغیر پاک بھارت میں امن نہیں ہوگا، سندھ طاس معاہدہ اوربھارت کی جانب سے خطے میں ہونے والی دہشت گردی پر عالمی فورم پر ثبوتوں کے ساتھ بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میںکے پی سے شرپسند عناصر کے بیانات آئے لیکن ان کی کسی بات کا جواب نہیں دیا کیونکہ اسوقت ملک کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595704

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں