28.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومزرعی خبریںموسمیاتی تبدیلیاں اور کوالٹی کے مسائل کے باعث ترشاوہ پھلوں کی قومی...

موسمیاتی تبدیلیاں اور کوالٹی کے مسائل کے باعث ترشاوہ پھلوں کی قومی پیداوار اور برآمدات متاثر ہو رہی ہے ،رپورٹ

- Advertisement -

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):موسمیاتی تبدیلیاں اور کوالٹی کے مسائل کے باعث ترشاوہ پھلوں کی قومی پیداوار اور برآمدات متاثر ہو رہی ہے ۔ مالی سال 21-2020میں ترشاوہ پھلوں کی پیداوار 5 لاکھ 58 ہزار 376 ٹن جبکہ برآمدات کی مالیت 211 ملین ڈالر رہی تھی جبکہ مالی سال 24-2023 میں پیداوار 3لاکھ 22ہزار 892 ٹن جبکہ برآمدات کا حجم 91.64ملین ڈالر تک کم ہوگیا ۔

پاکستان میں ترشاوہ پھلوں اور بالخصوص کینو کی پیداوار اور برآمدات کو متعدد مسائل کا سامنا جن میں باغات کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں کمی اور پھلوں کی کوالٹی کے مسائل شامل ہیں ۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے سابق ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد اور ترقیاتی ماہر خالد وٹو نے اپنی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ مالی سال 19-2018 تا 23-2022 کے 4سالہ قلیل عرصہ کے دوران ملک میں باغات کے زیر کاشت رقبہ میں 14 فیصد جبکہ پنجاب میں 14.84 فیصد کمی ہوئی ہے ، جس کا بنیادی سبب پھلوں کی پیداوار میں کمی اور بہتر منافع دینے والی فصلوں کی کاشت میں اضافہ ہے ۔

- Advertisement -

رپورٹ کےمطابق اس وقت ترشاوہ پھلوں کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 5.77 ٹن ہے جو 1990کی دہائی کے مقابلہ میں کم ہے ۔ اسی طرح ترشاوہ پھلوں کی کوالٹی میں بھی بتدریج کمی ہوئی ہے اور گذشتہ سال کے دوران ترشاوہ پھلوں کی مجموعی قومی پیداوار میں سے صرف 30 فیصد حصہ اےگریڈ یعنی (برآمد کے قابل معیارات) پر پورا اتر ا تھا ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترشاوہ پھلوں کی قومی پیداوار اور برآمدات میں کمی کے دیگر اسباب میں باغات کا غیر مناسب انتظام کار ، پھلوں کی بیماریوں اور انفیکشنز میں اضافہ سمیت دھند ، سموگ اور موسمیاتی تبدیلیاں وغیرہ شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ ترشاوہ پھلوں کی مجموعی ملکی برآمدات میں کینوکی برآمدات کا حصہ 90 فیصد سے زیادہ ہے اور تقریباً 6 دہائیاں قبل متعارف کروائی گئی اقسام ہی کاشت کی جا رہی ہیں ۔ اس وقت دنیا میں بغیر بیج کے کینو کی برآمد ات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

دوسری جانب پاکستان میں زیادہ تر بیج والےکینو ہی پیدا کئے جا رہے ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں بھی پھلو ں کی پیداوار اور برآمدات کو متاثر کر رہی ہیں اور زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافہ کے علاوہ پیداوار اور معیار میں کمی کے مسائل برآمدات کا متاثرہ رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترشاوہ پھلوں اور بالخصوص کینو کے باغات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کے انتظام کار اور جدید ٹیکنالوجی سےاستفادہ کے ذریعے نا صرف پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنایا جا سکتا بلکہ برآمدات کے خاطر خواہ فروغ سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں بھی اضافہ کیا جا سکتاہے ، جس سے دیہی معیشت اور کاشتکار طبقہ کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=541714

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں