32.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 16, 2025
ہومقومی خبریںموسمیاتی تبدیلی سے ملک کی معیشت، ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات کو...

موسمیاتی تبدیلی سے ملک کی معیشت، ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات کو سنگین خطرات لاحق ہیں، مقررین کا اظہار خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو شدید گرمی کی لہروں، سیلاب اور خشک سالی کا سامنا ہے جس سے لوگوں کی زندگیاں متاثر ہورہی ہیں جبکہ اس سے ملک کی معیشت، ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں مقررین نے ورلڈ وائیڈ فنڈ پاکستان، اسلام آباد یونائیٹڈ اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ ڈبلیو ایف کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ شجر کاری مہم کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کرکٹ کے کھلاڑیوں، حکومتی شراکت داروں اور ماحول کے تحفظ کے کارکن شریک ہوئے۔ اس طرح کی سرگرمیاں اس کردار کی اہم یاددہانی کے طور پر کام کرتی ہیں جو فطرت کی ریزیلینس اور ماحول کی حفاظت میں ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری میں ادا کرسکتی ہیں،کھیل ماحولیاتی تبدیلی کے لیے ایک اہم قوت ہوسکتے ہیں، کرکٹ جیسے مقبول عوامی پلیٹ فارمز کو شامل کرکے اس طرح کی شراکتیں وسیع تر اور کم عمر سامعین تک پہنچ رہی ہیں۔

- Advertisement -

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ سینٹر کے احاطے میں درخت لگائے۔ بحالی مرکز کے دورے کے دوران انہیں بچائے گئے جانوروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں ایشین کالے بھالو، شیر اور چیتے شامل ہیں۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر بلال نے ٹیم کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے تحت اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی تحفظ کی کوششوں کا ایک جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے جنگلی حیات کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر پروگرامز ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان رب نواز نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ثقافتی رجحان ہے جو لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم ماحولیاتی ذمہ داری کے گہرے احساس کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے رینجرز اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان جیسی تنظیموں کی طرف سے کیا جانے والا کام آسان نہیں، برفانی چیتے اور چیتے جیسی خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ان کی کوششیں واقعی قابل تعریف ہیں، ہم اس اقدام کا حصہ بننے کے موقع کے لیے شکرگزار ہیں۔

لیونین گلوبل سپورٹس اسلام آباد یونائیٹڈ کے اونر علی نقوی نے کہا کہ وہ تمام لوگ قابل تعریف ہیں جو اپنے آپ کو اور ماحولیات کے تحفظ کا باعث بنتے ہیں۔ ٹیم نے تحفظ کے اقدامات کی حمایت میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی لگن اور کوششوں کی تعریف کی۔ مقررین نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیا، اس کے اثرات کو کم کرنے، جنگلی حیات کے تحفظ اور ذریعہ معاش کو فروغ دینے میں شجرکاری مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جس میں کھلاڑی حنین شاہ، بین دروشوئس، ریلی میریڈیتھ، سعد مسعود اور میٹ شارٹ شامل تھے، نے اپنی انتظامیہ کے ہمراہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے زیر انتظام مارگلہ ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582531

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں