موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی ضروریات بڑھ گئی ہیں ، اقوام متحدہ کا مزید فنڈز کا مطالبہ

224

نیویارک ۔9 دسمبر (اے پی پی):موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی انسانی ضروریات میں شدت آگئی ہے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر مزید وسائل کی ضرورت ہے، یہ بات اقوام متحدہ کے ترجمان نے جمعہ کو کہی۔

اگست کے تباہ کن سیلاب کے بعد اب تک کی تازہ تری صور ت حال کے حوالہ سے ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان، سٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں دوپہر کی معمول کی بریفنگ کو بتایا کہ سیلاب کا پانی کم ہونے کے باوجود، اس وقت بھی20 ملین سے زائدافراد کاانسانی امداد پر انحصارہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ علاقوں میں تعمیر نو کی کوششیں شروع ہو رہی ہیں۔

دوجارک نے نامہ نگاروں کو بتایا، "آج تک، حکومتی مدادی کارروائیوں میں تعاون کے لئے انسانی ہمدردی کے ہمارے شراکت دار سیلاب کے آغاز سے اب تک 4.7 ملین سے زیادہ لوگوں تک امداد پہنچا چکے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ تقریبا 2.6 ملین لوگوں کو خوراک کی امداد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے انسان دوست شراکت داروں نے بشمول 500 سے زیادہ عارضی تعلیمی مراکز کے ذریعے 125,000 بچوں کی تعلیم کو دوبارہ شروع کرنے میں بھی مدد کی ہے،۔” تاہم، 20 لاکھ سے زائد بچوں کے لیے اسکول ناقابل رسائی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ابھی تک 816 ملین ڈالر کے فلڈ رسپانس پلان میں سے صرف 23 فیصد موصول ہوئے ہیں۔اس لئے امدادی کارروائیوں کے لئے مزید وسائل کی فوری ضرورت ہے۔