مون سون کی بارشوں کے دوران امرود کو پھل کی مکھی سے بچانے کیلئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال کامشورہ

141

فیصل آباد۔ 06 اگست (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین اثمار کی جانب سے امرودکے کاشتکاروں کو سفارش کی گئی ہے کہ وہ مون سون کی بارشوں کے دوران پودوں کی مناسب دیکھ بھال اور پودوں کو نقصان رساں کیڑوں و بیماریوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کریں۔

انہوں نے بتا یا کہ موسم برسات میں امرود کی گرمیوں کی فصل کو پھل کی مکھی سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مکھی پھل کے اندر اپنا ڈنگ داخل کر کے انڈے دیتی ہے جن سے چھوٹی چھوٹی سنڈیاں پیدا ہوکر گودے کو کھا نا شروع کر دیتی ہیں اور پھل گل سڑ جاتا ہے۔

انہوں نے امرود کے باغبانوں کو ہدائت کی کہ وہ ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ انہیں کسی مالی نقصان یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔