اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) مہران کلب نے روور چیلنج فٹ بال کپ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی سی بی آر ہاﺅسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری محمد سلیم تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سیّد شرافت حسین بخاری، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری سلیم، نائب صدر محمد زمان اور روور کلب کے سیکرٹری کنور عبدالحفیظ راﺅ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ روور فٹ بال گراﺅنڈ جی نائن تھری میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں مہران کلب کو روور کلب کے خلاف وقفے تک 2-0 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں مہران کلب نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 3-0 گول سے جیت لیا۔ پہلے ہاف کے 20 ویں منٹ میں مہران کلب کے روح اللہ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور 30 ویں منٹ پر سہیل نے گول کرکے برتری کو دگنا کرتے ہوئے مقابلہ 2-0 کردیا۔ مہران کلب نے دوسرے ہاف میں قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے صمدخان کے ایک گول کی بدولت مقابلہ 3-0 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا اور یوں مہران کلب نے یکطرفہ مقابلے کے بعد روور کلب کو 3-0 سے شکست دیکر فائنل جیت لیا۔