پشاور۔ 06 ستمبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ مہنگائی کے خاتمے کیلئے ملکی پیداوار کو ترجیح دینی ہوگی، حکومتی اخراجات کم کرنے کے ساتھ ساتھ امپورٹڈ اشیاء کا استعمال ختم کرنا ہوگا۔ بدقسمتی سے ہمارے برآمدات کے مقابلے درآمدات زیادہ ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہواہے۔ ملکی معیشت کیلئے آرمی چیف کے وژن کو سراہتے ہوئے ہوئے گورنر نے کہاکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، کاروبار کے فروغ اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے آرمی چیف کی سوچ و اقدامات اقدامات قابل تحسین ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور کے دورہ کے دوران آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن ہری پور کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہری پور کی تمام تاجر برادری کی جانب سے پنڈال پہنچنے پر گورنر کا پرتپاک استقبال کیاگیا، پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئی، روایتی لنگی اور یادگاری سوینئر بھی گورنرکوپیش کی گئی۔ اس موقع پر تاجر برادری کے نمائندوں، عہدیداروں کو بھی تعارفی شیلڈز پیش کی گئی۔
تقریب میں مرکزی صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل ملک، تنظیم تاجران کے صوبائی صدر ملک مہر الٰہی،صدر انجمن تاجران ہزارہ ڈویژن خورشید اعظم، آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن ہری پور کے صدر سلیم اعوان، سرپرست اعلٰی آل ٹریڈرز فیڈریشن صفد ر زمان شاہ،ہری پور چیمبر کے صدر طیب سواتی،سجاد جدون جنرل سیکرٹری آل ٹریڈرز ایبٹ آباد، صدر ایوان تجارت بٹگرام عبدالغفار دیشانی، صدر ایوان تجارت بالاکوٹ نورحسین، جنرل سیکرٹری ابرار، صدر ایوان تجارت اوگی سربلند خان، سردارشاہ نواز، ڈپٹی کمشنرہری پور اون رضا گوندل،ڈی پی او ہری پور عمر خان، تاجربرادری،سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تاجربرادری کے عہدیداروں نے اپنے اپنے خطاب میں بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کے خاتمہ کیلئے گورنرسے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور حاجی غلام علی کو خراج تحسین پیش کیا کہ جس طرح سے وہ 10 گھنٹے سے زائد ہمارے درمیان موجود ہیں ایسا ماضی میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملا، گورنرہاؤس کے دورازے صوبہ کے عوام کیلئے کھول دیے اور عوام کی خوشی وغمی کو اپناسمجھتے ہوئے اس میں شریک ہورہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی،انہوں نے تاجربرادری کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کرنے پر بھی گورنر کاشکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ملکی معیشت میں تاجربرادری کا کردار انتہائی اہم ہے،
ملک کی موجودہ معاشی مشکلات کے باوجود بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آرمی چیف نے خود تین بار بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی ہیں اورانشاء اللہ بہت جلد ان مشکلات پرقابوپالیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی مجھے اپنا وکیل سمجھے، آج یہاں اتنے بڑے پنڈال میں موجود تاجر تنظیموں، تاجر برادری کے احساسات و جذبات سنے ہیں، ملکی معاشی ترقی بزنس سے جڑی ہے، ملکی موجودہ معاشی و سیاسی مشکلات کے باوجود بزنس کمیونٹی کو پریشانی نہیں ہو گی،انہوں نے کہا کہ یہ اکیسویں صدی ہے، تاجر تنظیموں کے صدور، معزز اراکین کو چاہئے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالیں اور بیٹھ کر بات چیت کریں، ضلعی انتظامیہ، پولیس ہمارے مشکلات کے حل کیلئے ہیں،
کوئی شکایات ہوں تو نوٹس میں ضرور لائیں لیکن ہم نے ملکی معاشی ترقی کیلئے الزامات کے بجائے ملکر مشترکہ سوچ سے آگے بڑھنا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ خود نچلی سطح سے آئے ہیں اور تمام مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے پہلے بھی کوشش کرتا رہا اب بھی بھرپور کردار ادا کروں گا۔ مہنگائی کے حوالے سے گورنرنے کہاکہ بزنس کمیونٹی کو خود آگے آکر مہنگائی کا حل نکالناچاہئیے۔ گورنر تاجربرادری کو پراپرٹی ٹیکس کے خاتمے سے متعلق کہناتھا کہ انکی کوشش ہے کہ پراپرٹی ٹیکسز کا ایک جامع میکنیزم ہوناچا ہیے اور پراپرٹی پر بھاری ٹیکسز کا ضرور خاتمہ ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں گورنر نے دورہ ہری پور کے دوران فروبل ہاؤس سکول اینڈ کالج کی نئی تعمیر ہونیوالی شاندار عمارت کا بھی افتتاح کیا،
اسکول پہنچنے پر انتظامیہ و بچوں کی جانب سے گورنر کا شاندار استقبال کیا گیا، گورنر نے کلاس رومز کا معائنہ کیا، زیر تعلیم بچوں اور اساتذہ سے ملاقاتیں کی۔گورنرنے تعلیمی شعبہ میں پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیمی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر سکول کے بچوں نے ٹیبلوزپیش کیں اور حاضرین سے داد وصول کیں۔ تقریب میں سابق رکن قومی اسمبلی بابرنواز خان، طیب سواتی صدر ہری پور چیمبرآف کامرس،صفدرزمان شاہ، ایم ڈی ثاقب عمران، پرنسپل صدف ثاقب، زبیرترین سمیت، بزنس کمیونٹی کے نمائندے، اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ گورنرنے اس موقع پرشاندارخدمات پراساتذہ کو شیلڈزبھی دیں۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے شعبہ تعلیم کی ترقی ناگزیر ہے، قوم کا مستقبل تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں کی کوالٹی ایجوکیشن کو ترقی یافتہ ممالک کے تعلیمی معیار کے مطابق لے آئیں، جدید سہولیات پر مبنی تعلیم فراہم کرنیوالے نجی تعلیمی اداروں کا کردار بھی قابل تحسین ہے،
بعد ازاں گورنر نے دورہ ہری پورکے موقع پر جی ٹی روڈ مرکزی شاہراہ پر جدید سہولیات پر مبنی اٹالین شاپنگ مال کا بھی افتتاح کیا۔افتتاح کے موقع پرسابق رکن قومی اسمبلی بابرنواز خان، اٹالین مال کے مالک حاجی عبدالوحید، ولید احمد، فیصل حبیب، وقار خان سمیت بزنس کمیونٹی کے دیگرنمائندے بھی موجود تھے۔ آخر میں مصروف ترین کے دن کے اختتام پرگورنرنے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کا بھی دورہ کیا۔حطار انڈسٹریل اسٹیٹ پہنچنے پر حاجی عبدالسلام خان، ضیاء الرحمن خان، حق نوازخان، عمیرنواز اور دیگرکاروباری حضرات نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا۔گورنرنے اس موقع پر حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایل پی جی پلانٹ کا افتتاح کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387543