کراچی۔ 01 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ نالوں کی صفائی کا مسلسل جائزہ لیتا رہوں گا،کثیر رقم خرچ ہونے کے باوجود شہریوں کو تکالیف ہوں تو نالے صا ف کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، 46 بڑے نالوں کے ساتھ چھوٹے نالوں کو بھی صاف کیا جارہا ہے، تمام ٹاونز کے ساتھ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ کام ہوگا۔بڑی بڑی سڑکوں پر برسات شروع ہوتے ہی عملہ،مشینری اور پمپس فوری بھیج دیئے جائیں گے، کراچی کے تمام اضلاع میں بلا امتیاز و تفریق کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں،جو لوگ باتیں بنا رہے ہیں انہیں اپنے کام سے جواب دیں گے۔
پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے برساتی نالوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی ایس ایم افضل زیدی،میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی اور متعلقہ افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے بلاول چورنگی نالہ، عیسی نگری نالہ، سونگل نالہ، نرسری نالہ سمیت شہر کے دیگر نالوں کا دورہ کرنے کے علاوہ ضلع کورنگی میں کھڈا اسٹاپ، دس ہزار روڑ، کالا بورڈ ملیر، فلک ناز پلازہ، ریلوے کراسنگ اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ نالوں میں موجود تمام چاکنگ پوائنٹس روزانہ کی بنیاد پر کلیئر رکھے جائیں اور نالوں کی صفائی کاعمل مزید تیز کیا جائے،
بڑی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ شہر کے مضافاتی علاقوں کے نالوں کو بھی صاف کیا جائے تاکہ کسی بھی جگہ نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گجر نالہ اور محمود آباد نالہ کے اطراف تجاوزات ہٹانے سے برساتی پانی کی نکاسی میں مدد ملی ہے اور ان دونوں نالوں میں تمام چوکنگ پوائنٹس کلیئر کر لئے گئے ہیں دیگر برساتی نالوں سے بھی تجاوزات ختم کریں گے جس سے آئندہ برسات کے دوران نکاسی آب کا عمل ہموار طریقے سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر برساتی پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوتا ہے لہذا ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ یہاں نکاسی آب کے بہترین انتظامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں استعمال ہونے والی مشینری اور پمپس کو ایسے تمام مقامات پر فوری بھیجنے کے لئے تیار رکھا جائے۔
میئر کراچی نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ گھروں کا کچرا اور دیگر فضلہ برساتی نالوں میں پھینکنے سے گریز کریں اور صرف مقررہ مقام پر کچرا ڈالیں تاکہ صفائی پر مامور عملہ اسے وہاں سے لینڈ فل سائٹ پر منتقل کرسکے، شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بہتری کے لئے تمام شہریوں کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور متعلقہ عملے کو ہدایت کردی ہے کہ بارشیں شروع ہوتے ہی سڑکوں پر نکاسی آب کا کام شروع کردیا جائے، مطلوبہ تعداد میں پمپس کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس کے ذریعے نشیبی علاقوں اور دیگر جگہوں سے برساتی پانی کی جلد از جلد نکاسی ممکن بنائی جائے گی، بلدیہ عظمی کراچی، ٹان انتظامیہ کے اشتراک سے اس سلسلے میں بنائی گئی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ بارشوں کے دوران کراچی کے شہریوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=480496