میانوالی ۔ 19 جولائی (اے پی پی) میانوالی سے لاہور کےلئے نئی شروع کی گئی میانوالی ایکسپریس کا میانوالی سے لاہور کا کرایہ اے سی 800 روپے جبکہ نان اے سی 350 روپے مقرر کیا گیا ہے، اس کے کل 9 سٹیشن ہوں گے۔ جمعہ کو وزیرا عظم عمران خان نے پاکستان ریلوے کی نئی ٹرین کا افتتاح کیا جو میانوالی سے براستہ سرگودہا لاہور جائے گی۔ اس ریل کا ان دو سٹیشنوں پر نان اے سی میں کرایہ 20 روپے سے شروع ہو کر 350 روپے تک ہو گا جبکہ اے سی کا کرایہ 300 سے 800 روپے ہو گا۔ اس ٹرین میں 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے نان اے سی کرائے میں 50 فیصد جبکہ اے سی کرائے میں 25 فیصد تک رعایت ہو گی۔ ایئر کنڈیشنڈ کلاس میں 50 کلو گرام جبکہ اکانومی کلاس میں 20 کلوگرام سامان ساتھ لے جانے کی اجازت ہو گی۔ یہ ٹرین پانچ اکانومی کلاس، ایک اے سی سٹینڈرڈ، ایک پاور پلانٹ اور ایک بریک پر مشتمل ہو گی۔ اس کے سٹیشن شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ، سانگلہ ہل، چنیوٹ، سرگودہا، خوشاب، کندیاں، میانوالی اور داﺅد خیل ہوں گے۔ میانوالی ایکسپریس رات 9 بجے لاہور سے روانہ ہو کر اگلی صبح 6 بجے ماڑی انڈس پہنچے گی۔ لاہور سے ماڑی انڈس کا اکانومی کلاس کا کرایہ 400 روپے اور اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ ایک ہزار روپے ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=155299