لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):لاہور میں میرا پیارا ٹیم نے ایک بار پھر گمشدہ بچی کو اپنوں سے ملوا کر کامیابی سمیٹ لی۔سٹی ٹریفک پولیس اہلکار نے17 دن سے لاپتہ شرقپور کی 10 سالہ بچی اسما کو اہل خانہ کے سپرد کر دیا۔ ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کےمطابق ورثا نہ ملنے پر10سالہ اسما کو بلیقس ایدھی ہومز منتقل کردیا گیا تھا۔
میرا پیارا ٹیم نے گمشدہ بچوں و افراد کے ڈیٹا کیلئے بلقیس ایدھی ہومز کا وزٹ کیا۔ ذہنی دباو اور توازن برقرار نہ رہنے کیوجہ سے لڑکی گھر کا ایڈریس بھی بتانے سے قاصر تھی۔ انسپکٹر فہمیدہ ذیشان اور ٹریفک ٹیم نے متعدد فالو اپ سیشن کرکے گھر والوں کو ڈھونڈ نکالا۔اہل خانہ نے گمشدہ بچی کو واپس ملوانے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز،آئی جی پنجاب اور سی ٹی او لاہور سے اظہارِ تشکر کیا۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے میرا پیارا ٹیم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ گمشدہ افراد کے لواحقین پنجاب پولیس ایپ میں میرا پیارا فیچر سے استفادہ حاصل کریں۔