مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 0.3 فیصد کمی،حجم 627 ملین ڈالر رہا،ادارہ شماریات

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جولائی اور اگست میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات سے ملک کو 627 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.3 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات کا حجم 629 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔

اگست میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات کاحجم 350 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 0.7 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اگست میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات سے ملک کو 353 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 26.5 فیصد نمو ریکارڈکی گئی ۔

جولائی میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات سے ملک کو 277 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو اگست میں بڑھ کر 350 ملین ڈالر ہو گیا۔