میکسیکومیں 6.9 شدت کا زلزلہ

Earthquake

میکسیکو سٹی۔22ستمبر (اے پی پی):میکسیکومیں 6.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے ،تاہم کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے قومی زلزلہ پیما ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ میکسیکو میں جمعرات کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.9 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے اس کی شدت 6.8 بتائی ہے۔

میکسیکو کے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نےٹویٹ کیا کہ کولکومن میں 6.9 شدت زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ریاست میچوکان کے متعدد علاقوں کولیما، جالیسکو، گیریرو اور میکسیکو سٹی میں آفٹر شاکس محسوس کیے گئےہیں ۔ میکسیکو سٹی کی میئر کلاڈیا شین بام نے کہا کہ ابھی تک جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلہ مغربی ریاست میچوکان میں کولکومن سے 84 کلو میٹر جنوب میں آیا جس کا مرکز سطح زمین سے 12 کلو میٹر گہرائی میں تھا ۔ یاد رہے کہ دوروزقبل بھی 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 2 افرادہلاک ہوگئے تھے۔