"نادرا موبائل ایپ” لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ، 17 جنوری سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند ، تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، محسن نقوی

141
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر "نادرا موبائل ایپ” لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، 17 جنوری سے "پاک آئی ڈی ویب سائٹ” بند کی جا رہی ہے۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 3 نئے ریجنل سینٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات اب موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں، جیسا کہ انگلیوں کے نشانات اور مطلوبہ دستاویزات سکین کر کے اپ لوڈ کرنے میں پریشانی ہوتی تھی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے،شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان سر گرمیوں کے تدارک کے لئے 17 جنوری سے ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے ۔ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ساتھ ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ہے۔ شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آرسی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اب گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے، ان دفاتر کے قیام سے نادرا حکام اور شہریوں کے درمیان رابطے میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل دفاتر کے قیام سے دور دراز علاقوں کے نادرا مراکز میں خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی، شہریوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شکایات کا فوری ازالہ ہو گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 31 مارچ تک ملک کی تمام تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم کرنے کا ہدف پورا کر لیا جائے گا، اب تک ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا دفاتر کا قیام باقی تھا۔ اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے، 31 مارچ تک ان تحصیلوں میں بھی نادرا دفاتر فعال ہو جائیں گے۔