نادرا کے بعد مستحق گھرانوں کے سب سے بڑے ڈیٹا بیس کا اعزاز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس ہے،سینیٹرروبینہ خالد

112
امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران خواتین کے وقار اور احترام کو یقینی بنایا جائے ،چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سینیٹرروبینہ خالد نے کہا ہے کہ نادرا کے بعد مستحق گھرانوں کے سب سے بڑے ڈیٹا بیس کا اعزاز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس ہےجس کے تحت 93 لاکھ خاندان پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ، آکسفوڈ پالیسی مینجمنٹ اور سب نیشنل گورننس کے زیر اہمتام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ سینیٹر روبینہ خالد کو تقریب کے تیسرے سیشن (سماجی تحفظ کی مضبوطی)کی صدارت کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ سیشن کا مقصد پاکستان میں سماجی تحفظ کی کامیابیوں، حالیہ اصلاحات اورآئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ نادرا کے بعد مستحق گھرانوں کے سب سے بڑے ڈیٹا بیس کا اعزاز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس ہےجس کے تحت 93 لاکھ خاندان پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں، تحصیل سطح پر بی آئی ایس پی کے ڈائنامک رجسٹری مراکز قائم ہیں جہاں سروے کے ذریعے ڈیٹا کے اندراج کی سہولت موجود ہے۔انہوں نے پاکستان کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے سماجی تحفظ کے اقدامات پر عملددرآمد کے حوالے سے صوبائی سطح پر مشاورت، ڈیٹابیس کے اشتراک اور مستحق افراد کو غربت سے باہر نکالنے کیلئے سکل ٹریننگ کی اہمیت پر زُور دیا۔ روبینہ خالد نے مزید کہا کہ ہم مستحق افراد کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا چاہتے ہیں ، اس لئے ہم نے مستحقین میں رقوم کی شفاف تقسیم کیلئے نیا پیمنٹ ماڈل متعارف کرایا ہے تاکہ باعزت طریقے سے حق داروں کو انکا حق مل سکے۔

پینل ڈسکشن میں سی ای او پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، جی آئی زی کی جوہانا نویس اور اُو پی ایم کی سینئر کنسلٹنٹ پاورٹی اینڈ سوشل پروٹیکشن ماہین زہرہ نے اس حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے پینل ماہرین کی تجاویز کو سراہا اور شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔