نجکاری کمیشن بورڈ نے سٹریٹجک لین دین کے لیے کلیدی اقدامات کی منظوری دیدی

11
Privatization Commission Board
Privatization Commission Board

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):نجکاری کمیشن بورڈ کا 235 واں اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں پرائیویٹائزیشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران، بورڈ نے پاور سیکٹر کے درج ذیل اداروں میں نجی شعبے کی شراکت کو بڑھانے کے لیے مالیاتی مشیروں کی تقرری کے عمل کو شروع کرنے کی باضابطہ منظوری دی، تقسیم کار کمپنیوں میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (HESCO)،سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (SEPCO)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (HAZECO)، جنریشن کمپنیاں (GENCOs)، 747 میگاواٹ گڈو پاور پلانٹ، 525 میگاواٹ نندی پور پاور پلانٹ کی منظوری دیدی ہے۔

بورڈ نے مالی سال 2022-23 اور 2023-24 کے لیے نجکاری کمیشن کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کا بھی جائزہ لیا اور ان کی منظوری دی ،بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے لیے نجکاری کمیشن کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی، اور اس کے ادارہ جاتی آپریشنز کے تسلسل کی حمایت کی۔ بورڈ کو نجکاری کی جاری ٹرانزیکشنز میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) روزویلٹ ہوٹل (نیویارک) اورتین پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز :

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)، اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ۔ نجکاری کمیشن نے شفافیت، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو یقینی بنانے اور قومی اقتصادی اہداف کے مطابق اسٹریٹجک ٹرانزیکشنز کے موثر عملی نفاذ کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔