نسٹ کے چائنا سٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام پاکستانی اور چینی طلباء کے لئے ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا انعقاد

119
NUST
NUST

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):نسٹ کے چائنا سٹڈی سینٹر (سی ایس سی)نے نہ صرف پاکستانی اور چینی طلباء کے لئے ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا اہتمام کیا بلکہ چین کی مشہور کمپنیوں کو بھی مدعو کیا جیسے تھری گورجز کمپنی، ٹینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن، اور دیگر جو پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ سی ایس سی نے سی پیک حکام، چائنا سٹڈی سینٹرز اور چین کے ثقافتی اداروں کے ڈائریکٹرز اور کنسولرز کو بھی مدعو کیا۔

یہ ایک میگا ایونٹ تھا جس کا اہتمام نسٹ، چائنہ سٹڈی سنٹر اسلام آباد نے کیا تھا جس میں چین کی بہت سی کمپنیوں، تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں نے سی ایس سی کو اپنی مصنوعات اور نقد انعامات سپانسر کئے تھے۔ پاکستان میں رہنے والے چینی طلباء اور بچوں نے رقص اور ثقافتی شوز میں حصہ لیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو ظاہر کرنے کے لئے اردو پاکستانی گانے بھی گائے۔

نسٹ کے طلباء جو چینی زبان سیکھ رہے ہیں، نے چینی گانے بھی گائے تاکہ اس بات کا اظہار کیا جا سکے کہ مختلف زبان اور ثقافتی رکاوٹیں ہماری دوستی کو ختم نہیں کر سکتیں۔ تقریب کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کی خوشحالی کے لئے سی پیک کو فروغ دینا تھا۔

پاکستانی اور چینی حکام یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان کی نوجوان نسل کس طرح ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ جلد ہی چین اور پاکستان کے درمیان یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔