لاہور۔22مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود اور وڈیو لنک کے ذریعے تمام کمشنرز اور ڈی سیز نے شرکت کی۔
اس موقع پرکمشنرز اور ڈی سیز نے سرکاری ہسپتالوں کے حالات میں بہتری لانے کیلئے اپنی قیمتی تجاویز اور آرا پیش کیں۔محکمہ صحت کے افسران نے اجلاس کے دوران بجٹ و دیگر معاملات پر بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیر صحت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر تمام کمشنرز اور ڈی سیز کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، نظام صحت میں بہتری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کمشنرز اور ڈی سیز سرکاری ہسپتالوں بارے فیڈ بیک دیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اقدامات اٹھائے اور لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے،لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔اسی طرح چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام صحت کے شعبہ میں فلیگ شپ پروگرامز بھی ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ58 میں سے 16 ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں پی آئی ٹی بی کی مدد سے کیو مینجمنٹ سسٹم چلا رہے ہیں جبکہ اگلے فیز میں تمام دیگر ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں کیو مینجمنٹ سسٹم لانے کا منصوبہ ہے، ہسپتالوں میں ڈیوٹی روسٹر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب بجٹ کے علاوہ اضافی فنڈز بھی مہیا کر رہی ہے،ہسپتالوں کے بلڈ بینکس کی لائسنسنگ و صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول پر کام کر رہا ہے،ہسپتالوں میں پارکنگ اور کیفے ٹیریاز کے ٹھیکوں کی ای ٹینڈرنگ کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پاکستان پوسٹ کے ذریعے سات کارڈیک اور پانچ کینسر ہسپتالوں کے ذریعے مریضوں کو ان کے گھروں تک ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،کمشنرز اور ڈی سیز سے سرکاری ہسپتالوں کے حالات میں بہتری لانے کیلئے فیڈ بیک لیتے رہیں گے، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو سرکاری ہسپتالوں کی مسلسل انسپکشن کی ہدایت کی گئی ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کمشنرز اور ڈی سیز کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کے حوالہ سے فیڈ بیک انتہائی اہم ہو گا،کوشش ہے کہ ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں کسی مریض کو علاج و معالجہ میں مشکل پیش نہ آئے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹریز طارق محمود رحمانی و ذیشان شبیر رانا، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ انور بریار، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمن، ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حماد الرب، ڈپٹی ڈائریکٹر عبد المتین اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575459