نواز شریف ستمبرکے وسط میں پاکستان آئیں گے ،میاں جاوید لطیف کی پریس کانفرنس

175
میاں جاوید لطیف کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف ستمبرکے وسط میں پاکستان آئیں گے جس کے بعد ملک کی خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا،15 ماہ میں ہماری حکومت نے خارجہ امور اورمعیشت میں بہتری کےلئے اقدامات کئے اورملک کو2017کا پاکستان بنانے کا پوری دیانتداری سے کوشش کی مگرسابق دور کا بگاڑ اتنا تھا کہ ہم اس میں ناکام رہے۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اداروں میں بیٹھے لوگوں، عوام اور سی پیک کے مخالفین کو اب احساس ہوچکا ہے کہ 2017والا پاکستان صرف نواز شریف ہی بنا سکتا ہے،2017کے سارے کے سارے کردار غیرملکی سازش کا حصہ تھے، مسلم لیگ (ن) نے جمہوری استحکام کےلئے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا جس کے بعد 15 ماہ پہلے تبدیلی آئی، چند قوتیں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے کے خلاف ہوگئیں تھیں اور بعض لوگ ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کو مائنس کرنے والی قوتوں کے آلہ کار بنے ۔

انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں اب بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو بچانے کےلئے کوشاں ہیں ، انتخابات میں جس جماعت کا سی وی بہتر ہوگا عوام اس کو منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمران انتقام میں اس حد تک چلے گئے کہ انہوں نے ملک کی خیرخواہی بھی نظرانداز کردی اور وہ سی پیک منصوبے کے خلاف قوتوں کے آلہ کار بن گئے، نواز شریف نے ملک کو ناقابل تسخیربنایا اور سی پیک کا منصوبہ دے کر خوشحالی کی بنیاد رکھی، سابق حکمرانوں نے ملک کے اہم ادارے کے خلاف منصوبہ بندی کی جو 9 اور10مئی کو پکڑی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ جب تک سازشی عناصرکے خلاف اقدامات میں عمل نظر نہیں آئے گا تو سازشوں کا سلسلہ بند نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو2002،2008 اور 2018 کے انتخابات میں مائنس رکھا گیا، اب بھی جو سمجھتے ہیں کہ ستمبر میں نواز شریف کو مائنس رکھا جائے گا تو ملک کا نقصان ہوگا، نواز شریف ستمبر کے وسط میں پاکستان آئیں گے ، نواز شریف جب بھی ملک کی خوشحالی کےلئے کام کرتے ہیں تو ان کے راستے میں بارودی سرنگیں بچھائی جاتی ہیں ۔