نواز شریف کا پاکستانی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے، مہنگائی کے باوجود لوگوں کی امیدیں وزیراعظم عمران خان سے وابستہ ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

63

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں دنیا کے سامنے افغانستان کی حقیقی تصویر پیش کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں مسائل حل کرنے کیلئے افغان حکومت کو سپورٹ کرے، نواز شریف کا پاکستانی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے، ن لیگ میں چچا اور بھتیجی کی جنگ جاری ہے، مہنگائی کے باوجود لوگوں کی امیدیں وزیراعظم عمران خان سے وابستہ ہیں، عمران خان محنتی لیڈر ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ آنے والے مہینوں میں وہ مہنگائی کے مسئلہ پر قابو پا لیں گے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے فورم سے دنیا کو بتایا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کا اکیلا مقابلہ کیا ہے اور دہشتگردوں کو نکیل ڈالی، بھارتی میڈیا کی ہنگامہ آرائی سے ثابت ہوا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر حقیقی تناظر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس وقت دنیا میں مفادات کا رشتہ ہے اور تمام ممالک اپنے مفادات کو دیکھ کر دوسروں ملکوں کے ساتھ تعلقات بناتے ہیں، پاکستان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کوئی بھی ملک پاکستان کو بائی پاس نہیں کر سکتا، امریکہ بھی پاکستان کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ کبھی پاکستان کو نظرانداز نہیں کرنا چاہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہت گہری دوستی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے، کوئی بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتا، حکومت سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، داسو اور بھاشا ڈیم وزیراعظم عمران خان نے اہم پروجیکٹ ہیں۔

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیئرمین نیب کو مدت ملازمت میں توسیع دینے یا ان کی دوبارہ تقرری کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، وزارت قانون اس کے اوپر کام کر رہی ہے، شہباز شریف کے اوپر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں ان کے ساتھ چیئرمین نیب کی تقرری کی معاملے پر مشاورت نہیں ہو گی۔