نوجوانوں میں انٹرپرینورشپ کو فروغ دے کر معیشت جلد بحال کی جا سکتی ہے،احسن بختاوری

نوجوانوں میں انٹرپرینورشپ کو فروغ دے کر معیشت جلد بحال کی جا سکتی ہے،احسن بختاوری

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):انٹرپرینیور آرگنائزیشن اسلام آباد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے چیمبر میں گلوبل اسٹوڈنٹ انٹرپرینیورایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا جس میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے والے طلبا نے حصہ لیا اور مقابلے میں شاندار کار وباری منصوبے پیش کرنے والے طلبا کو ایوارڈ دیئے گئے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے بطور مہمان خصوصی جیتنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، اختراعات اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے، برآمدات میں اضافہ کرنے اور پاکستان کو مضبوط معیشت بنانے کیلئے نوجوانوں میں انٹرپرینیورزشپ کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے جس سے ہماری معیشت جلد بحال ہو گی۔

انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ انٹرپرینیورشپ پر توجہ مرکوز کریں جو انھیں ایک خوشحال کیریئر فراہم کرے گی۔احسن بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوانو ں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے مزید سازگار پالیسیاں بنائی جائیں جس سے ملک میں بے روزگاری کم ہو گی اور ملک پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

انہوں نے کمرشل بینکوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو کاروبار کرنے کیلئے سستے قرضے کی اسکیمیں لے کر آئیں تاکہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور حکومت تمام نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دے سکتی۔ تاہم، نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دے کر ان کو اس قابل بنایا جا سکتا ہے کہ وہ نہ صرف خود ایک خوشحال کیریئر حاصل کر سکیں بلکہ دوسروں کے لیے روزگار پیدا کر سکیں اور ملک کی معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے انٹرپرینیورز آرگنائزیشن اسلام آباد کی ان کاوشوں کو سراہا جو وہ طلباء کو کاروبار کی طرف راغب کرنے، اس سلسلے میں ان کی رہنمائی کرنے اور ان کو نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کر رہی ہے تا کہ وہ کاروبار کے میدان میں ترقی کر کے ملک و قوم کی ترقی میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔

انٹرپرینیور آرگنائزیشن اسلام آباد چیپٹر کے صدر تیمور عادل نے کہا کہ ان کا ادارہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے اور ان کی بہتر رہنمائی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے مزید نوجوان کاروبار کی طرف راغب ہوں گے اور ان کی بہتر حوصلہ افزائی ہو گی۔

احمد جلال، جی ایس ای اے کے چیئر مین نے کہا کہ جی ایس ای اے پاکستان نیشنل فائنلز ہمارے کاروباری نوجوان کی ناقابل یقین صلاحیتوں اور اختراعات کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کی کاروباری صلاحیت کو دیکھ کر خوش ہیں۔

ایڈورسٹی کے سعد صدیقی نے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دولت کی جویریہ فراز فرسٹ رنر اپ اور ان لائٹس کے محمد احمد سیکنڈ رنر اپ رہے۔ پاکستان نیشنل فائنلز کا فاتح اور پہلا رنر اپ اب عمان میں منعقد ہونے والے علاقائی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔