نوجوانوں کو منشیات کے خطرات اور اس کے پیچھے موجود مجرمانہ نیٹ ورکس بارے آگاہی از حد ضروری ہے، پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود

5

ملتان ۔ 26 جون (اے پی پی):منشیات کی زنجیر توڑنے کے لئے قومی اور عالمی سطح پر مربوط و منظم عملی جدوجہد جاری ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر ادارے باہمی حکمت عملی کے ذریعے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کررہے ہیں۔ انسداد منشیات فورس (ANF) اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار شعور ترقیاتی تنظیم و روہی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور انسداد منشیات سول سوسائٹی فورم سائوتھ پنجاب کے زیر اہتمام اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب و ملتان کی زیر نگرانی تدارک منشیات کے عالمی دن کے موقع پر سائوتھ پنجاب انسداد منشیات یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل انچارج و اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس ملتان ولید نصر وڑائچ نے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری (سابق وی سی جامعہ زکریا) ،مقصودہ انصاری (ممبر صوبائی اسمبلی)، عمر فاروق بھٹی (فوکل پرسن وزیر مانیٹرنگ سیل)، شاہد محمود انصاری اور ڈاکٹر فاروق لنگاہ نے نوجوان نسل کو منشیات کے استعمال سے دور رکھنے کیلئے آگاہی مہمات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کے خطرات اور اس کے پیچھے موجود مجرمانہ نیٹ ورکس کے بارے میں آگاہ کرنا از حد ضروری ہے تاکہ وہ اس جال سے بچ سکیں۔

اقبال خان بلوچ نے کہا اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد 30 کروڑ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کی سمگلنگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2012 سے 2022 کے عرصہ میں غیرقانونی منشیات استعمال کرنے والے لوگوں کی تعداد 29 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ اس وقت دنیا میں 22 کروڑ 80 لاکھ لوگ حشیش، 6 کروڑ افیون، 3 کروڑ ایم فیٹامائن، 2 کروڑ 30 لاکھ کوکین اور 2 کروڑ ایکسٹیسی کے نشہ کا عادی ہوچکے ہیں۔

منشیات کی پیداوار، سمگلنگ اور استعمال سے عدم استحکام اور عدم مساوات میں شدت آتی ہے جبکہ لوگوں کی صحت، تحفظ اور بہبود کو ناقابل بیان نقصان پہنچتا ہے،منشیات کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی سطح پر مسلسل اور مشترکہ تعاون ناگزیر ہے، منشیات کا پھیلائو صرف ایک ملکی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی چیلنج بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مو ثر حکمت عملی اور تعاون درکار ہے۔ اس سلسلے میں منشیات کے قلع قمع کے ضمن میں اے این ایف کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ تقریب سے ملک محمد واصف شریف، علی عمران ممتاز، قاری محمد اقبال، ملک تصور حیات و دیگر نے بھی خطاب کیا۔