نوجوانوں کو ہائی ٹیک ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، رانا مشہود احمد خان

98

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہائی ٹیک ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور ان کو روزگار کے مزید مواقع، وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ’’بڑھتی ہوئی تعلیمی پولرائزیشن اور سماجی ہم اہنگی” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کو ہائی ٹیک اور روایتی دونوں طرح کی مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر پاکستانی نوجوان کے پاس آج کے مسابقتی منظر نامہ میں کامیاب ہونے کے لئے ضروری مہارتیں ہوں، ہائی ٹیک اور روایتی مہارت کی ترقی دونوں پر توجہ مرکوز کرکے، ہمارا مقصد روزگار کے امکانات کو بڑھانا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو "پاکستان کے سفیر”قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ایمانداری سے محنت کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کئی موجودہ اور آنے والے اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں وزیراعظم ہنرمند پروگرام ،لیپ ٹاپ سکیم، پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ، یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم، وزیراعظم یوتھ انٹرن شپ پروگرام اور نیشنل انوویشن ایوارڈ شامل ہیں۔ وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل، وزیراعظم نیشنل رضاکار کور، وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ حب، وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ، یوتھ سپورٹس لیگ، وزیراعظم سپورٹس اکیڈمیز، گرین انرجی سولرائزیشن اور وزیراعظم گرین یوتھ موومنٹ آئندہ نسلوں کو بااختیار بنانے کے لئےنمایاں اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننے کے بعد روایتی جنگوں کا خطرہ کم ہوا تاہم پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ماضی قریب میں نوجوانوں کو راہ راست سے بھٹکا دیا گیا، ہم جانتے ہیں کہ شام، عراق ، مصر، لیبیا اور یمن میں کیا ہو رہا ہے جہاں نوجوان سڑکوں پر بے روزگار اور تعلیم کے بغیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، توانائی اور عزم کو بروئے کار لا کر ہم نتیجہ خیز تبدیلی لا سکتے ہیں اور مستقبل کی نسلوں کے لئے پائیداری کو میراث بنا سکتے ہیں۔