نوجوانوں کی اخلاقی تربیت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا منشور ہے، شیخ فرحان عزیز

8

لاہور۔25جون (اے پی پی):مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے کہا ہے کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نوجوانوں کو علم، کردار، قیادت اور قومی خدمت کے جامع پیغام سے روشناس کرواتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ایس ایم کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں شریک طلبہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔تربیتی ورکشاپ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران اور مختلف کالجز و یونیورسٹیز کے طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ایک فکری، نظریاتی اور تربیتی تحریک ہے، جو نئی نسل کو محض تعلیمی اسناد ہی نہیں بلکہ دینی فہم، اخلاقی بصیرت اور قیادت کی صلاحیتیں بھی مہیا کرنا چاہتی ہے۔شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ ایم ایس ایم ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں فکری نشستیں، تربیتی ورکشاپس، مطالعہ کی محافل اور سیرت و اخلاقیات پر مبنی پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چاہتی ہے کہ نئی نسل محض روزگار کے حصول کی خاطر تعلیم حاصل نہ کرے بلکہ وہ قوم و ملت کی ترقی، فلاح اور بیداری کے لیے عزم، وژن اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہو۔