کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوان افسران ریاستی مشینری کا فعال اور مؤثر حصہ ہیں جن پر گورننس کی بہتری، عوامی خدمت اور شفاف نظام حکومت کی بنیاد استوار ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقابلے کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب نوجوان افسران سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون بھی موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے عمل میں نوجوان افسران کا کردار انتہائی کلیدی ہے ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، خلوص اور عوامی خدمت کے جذبے سے انجام دیں، کیونکہ یہی طرزعمل ان کی کامیابی کا اصل معیار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اختیار کو طاقت کی علامت نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا جائے۔ عوامی مسائل کے حل میں خلوص، تندہی اور بروقت ردعمل ہی ایک بہتر منتظم کی پہچان ہے۔ بلوچستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ وژن سے آگے بڑھنا ہوگا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری پالیسی بنانا ہے جبکہ انتظامیہ ان پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کی ضامن ہے۔ نوجوان افسران کو چاہیئے کہ وہ ریاستی پالیسیوں کی روح کو سمجھیں اور ان پر عملدرآمد کو اپنی پیشہ ورانہ ذمے داری سمجھیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بہتر مالی نظم و نسق کے نتیجے میں حکومت بلوچستان نے غیر ترقیاتی مد میں 14 ارب روپے سے زائد کی خطیر بچت کی۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا بروقت اور درست استعمال یقینی بنایا گیا، اور سو فیصد فنڈز کے اجرا سے متعدد منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے بڑھتے ہوئے پنشن بل پر قابو پانے کے لیے اصلاحات کی بنیاد رکھی ہے تاکہ مالی نظام کو دیرپا استحکام دیا جا سکے۔ انہوں نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ گورننس اور سروس ڈلیوری کی بہتری کو اپنا اولین ہدف بنائیں، کیونکہ عوامی مسائل کا دیرپا حل اسی میں پنہاں ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق تاریخی اور زمینی حقائق سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تصور اور حقیقت کے درمیان فرق کو سمجھ کر معاشرتی رہنمائی کی جائے تاکہ قوم کو گمراہ کن نظریات سے بچایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بلوچستان کا اصل مسئلہ غیر متوازن ترقی نہیں بلکہ کچھ مخصوص عناصر کی ملک دشمن سوچ ہے جو نوجوانوں کو ریاست سے بدظن کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر متوازن ترقی دنیا بھر کا مسئلہ ہے
جس کا حل مربوط اور منصفانہ ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوان افسران کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ایمانداری، شفافیت، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے اور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔