بیجنگ۔16اپریل (اے پی پی):چین میں ایک ہزار نوجوان زرعی پروفیشنلز کو تربیت دینے کے لئے وزیر اعظم پاکستان کے تاریخی اقدام کے تحت 300 زرعی گریجویٹس کا پہلا گروپ صوبہ شان شی کے شہر ژیان پہنچ گیا۔ یہ زرعی پروفیشنلز زرعی ٹیکنالوجی، موسمیاتی لحاظ سے موزوں زراعت اور جدید زرعی طریقوں کی نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی اور ینگلنگ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج میں تین ماہ کی ہینڈ آن ٹریننگ حاصل کریں گے جو زراعت کی تعلیم اور ہنر مندی میں چین کے دو سرکردہ ادارے ہیں۔
سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ژیان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان ایمبیسی بیجنگ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری اور سینئر چینی حکام نے زرعی گریجویٹس کا استقبال کیا۔ پرتپاک استقبال کے بعد تربیت حاصل کرنے والوں کو چین پاکستان سدا بہار تذویراتی شراکت داری، 3 ماہ کے تربیتی پروگرام کے دائرہ کار اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
تربیت کا پروگرام حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے زرعی منظر نامے کو جدید بنانے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوان پیشہ ور افراد کو ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583057