نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

72

اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،ان کی وزارت نوجوانوں کی ترقی کیلئے پر عزم ہے، اگست 2018ءسے ستمبر 2019 ءتک وزارت آئی ٹی سے منسلک اداروں اور ڈیپارٹمنٹس کے مختلف پراجیکٹس، ورکشاپس، سٹارٹ اپس اور ٹریننگز سے 389،071 طلباءمستفید ہوئے۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور وزارت آئی ٹی نوجوانوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں روزگار حاصل کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے وزارت آئی ٹی انہیں آئی ٹی و ڈیجیٹل سکلز سے روشناس کرانے میں کوشاں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ملک کے نوجوانوں کی ترقی اور ان کے خوشحال مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ دورے حکومت کے پچھلے ایک سال میں یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے پاکستان بیت المال پراجیکٹ سے 10,000 طلباءمستفید ہوئے۔ یو ایس ایف کے ایک اور پروگرام کے تحت فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) سکولوں اور کالجوں میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی سہولیات فراہم کی گئی۔ پروگرام کے تحت اگست 2018 سے لیکر ستمبر 2019 تک 100،000 طلباءکو ٹریننگ دی گئی۔ ایک سال میں ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے تحت 215،527 طلباءکو اندراج کیا گیا اور انہیں آن لائن ٹریننگ دی گئی۔