نوشہرہ ورکاں ۔ 18 اپریل (اے پی پی):مرکز المصطفائی نوشہرہ ورکاں کے قرآن پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے 20 حفاظ کی دستار بندی کی پروقار تقریب جامع مسجد عبد الرحمٰن میں منعقد ہوئی ،تقریب کے دوران مرکز المصطفائی میں دورہ حدیث کی کلاسز کا باضابطہ آغاز کیاگیا ۔
تقریب میں علاقہ بھرکے 80 سے زائد علماء کرام کے علاوہ معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔تقریب میں غلام مرتضیٰ سعیدی مرکزی صدر مصطفائی تحریک ،صاحبزادہ محمد معصوم بھوروی آستانہ عالیہ بھور شریف اور پیر غلام رسول قاسمی نے خصوصی خطاب کیا، پیر سائیں غلام رسول قاسمی نے حفاظ کرام کی دستاربندی کی مرکز المصطفائی کے مہتمم حافظ قاسم مصطفائی نے بتایاکہ ادار ماہانہ خرچ سات لاکھ روپے اور ادارہ تنظیم المدارس کے سالانہ امتحانات میں متعدد بار پوزیشنیں حاصل کر چکا ہے ، ادارہ نے کرایہ کی عمارت سے اپنے سفر کا آغازکیا،آج الحمدللہ چار کیمپسز پر مشتمل ایک فعال نظام کے ساتھ علاقے میں دینی تعلیم کی شمع روشن کیے ہوئے ہے۔
مدرس مفتی نوید اصغرفاروقی کا کہنا تھا کہ چھوٹی سی عمارت سے شروع ہونے والا ادارہ آج عوام کی محبت، اعتماد اور تعاون سے ایک وسیع نیٹ ورک بن چکا ہے ۔ تقریب میں الحاج مشتاق احمد رحمانی،چوہدری اقبال ہنجراء صوبائی راہنما مصطفائی تحریک،سرجن ڈاکٹر عرفان ریاض،رانا عبدالجبار ،میاں محمد ارشد سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583980