نوشہرہ پولیس کارروائی ، نومولود بچہ بحفاظت بازیاب کرکے والدین کے حوالے کر دیا

112
نومولود بچہ

نوشہرہ ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):نوشہرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغواء شدہ 16 دن کے نومولود بچے کوبحفاظت بازیاب کر والدین کے حوالے کر دیا ہے، بچے کے اغوا میں ملوث 2 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قاری عبداللہ ساکن مصری بانڈہ نے پولیس کو رپورٹ درج کی کہ اْسکی بیوی سے 2 نامعلوم برقعہ پوش خواتین زبردستی گھر میں گھس کر 16 دن کے نومولود بچے نعمان کو اغواء کرکے لے گئیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود نے 16 دن کے نومولود بچے کی اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن عاملزیب خان کی سربراہی میں ارشد احمد ایس ڈی پی او اکوڑہ ،احسان شاہ خان ایس ڈی پی او رسالپور ،اسماعیل شاہ ایس ڈی پی او کینٹ اور عبدالواحد خان ایس ایچ او مصری بانڈہ پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دیکر ملزمان کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی کا ٹاسک دیا ۔

نوشہرہ پولیس نے فوری طور پر وائرلیس پر اطلاع دیکر ضلع بھر میں ناکہ بندیاں کر دیں ۔تفتیشی ٹیم نے لیڈیز پولیس کے ذریعے گھر گھر تلاشی لی۔ آخر کار پولیس کی محنت رنگ لے آئی اور ملزمان تک رسائی حاصل ہو گئی ۔اغوا میں ملوث خواتین بخت مینہ زوجہ نورزمان اور شیرینہ زوجہ گل محمد ساکنان مصری بانڈہ کو گرفتار کرکے بچے نعمان کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا،بچے کے والدین اور اہل علاقہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دعائیں دیں۔