نومبر 2020کے دوران بڑے صنعتی اداروں کی شرح نمو میں 14.45فیصد اضافہ ہوا ہے

64
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):نومبر 2020کے دوران بڑے صنعتی اداروں (ایل ایس ایم) کی شرح نمو میں 14.45فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2019کے مقابلہ میں نومبر 2020کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو میں 14.45 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اکتوبر 2020کے مقابلہ میں نومبر2020کے دوران شعبہ کی شرح ترقی میں 1.35فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 2020کے دوران بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو میں 7.41فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں ٹیکسٹائل ، فوڈ، بیوریج ، تمباکو ، پٹرولیم مصنوعات ، ادویہ سازی اور کیمیکلز کی صنعت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں نان میٹیلک منرل مصنوعات ، آٹو موبائیلز ، فرٹیلائیزرز ، پیپر اینڈ پیپر بورڈ کی صنعتوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئرن ، سٹیل پراڈکٹس ، الیکٹرانکس اور چمڑے کی مصنوعات تیار کرنے والے صنعتی اداروں کی شرح نمو میں کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل کی صنعت کی شرح نمو میں 0.70فیصد ، فوڈ، بیوریج اور تمباکو 3.08فیصد ، کوک ، پٹرولیم مصنوعات 0.09فیصد ، ادویہ سازی و کیمیکلز 1.02فیصد اور 0.27فیصد جبکہ نان مٹیلک منرل پراڈکٹس 2.66فیصد ، آٹو بائیلز 0.32فیصد ،فرٹیلائیزرز 0.45فیصد اور پیپرو پیپر بورڈ کی صنعت کی شرح نمو میں 0.44فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔