نویں جائزہ کے حوالہ سے پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کرلئے ہیں،پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکا آئی ایم ایف کے ساتھ اجلاس میں اظہارخیال

118

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزہ کے حوالہ سے پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کرلئے ہیں اورپاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے سالانہ موسم بہارکے اجلاس کے موقع پرآئی ایم ایف کی ٹیم سے زوم کے ذریعہ میٹنگ میں کہی ۔آئی ایم ایف کی ٹیم کی قیادت مشرق وسطیٰ اوروسطی ایشیا کیلئے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹرجہاد آذر نے کی۔

اس موقع پروزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی محصولات طارق باجوہ،معاون خصوصی طارق محمودپاشا بھی موجود تھے، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعودخان، گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ اورسیکرٹری اقتصادی اموربنفس نفیس اجلاس میں شریک تھے۔ فریقین نے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام بالخصوص آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی بات چیت اورپیشگی اقدامات پرعمل درآمد کاجائزہ لیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ملکی مصروفیات کی وجہ سے وزیراعظم پاکستان نے انہیں ملک میں قیام کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سے وہ واشنگٹن کاطے شدہ دورہ نہ کرسکے اسلئے وہ آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے اجلاس میں پاکستان سے زوم کے زریعہ شرکت کررہے ہیں ِ۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کی ٹیم کوپاکستان کودرپیش اقتصادی چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ملک کی معیشت کے استحکام کیلئے موجودہ حکومت کے وژن کے بارے میں بھی بتایا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزہ کے حوالہ سے پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کرلئے ہیں اورپاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے گزشتہ دورحکومت میں وزیرخزانہ کے طورپران کے دورمیں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کوکامیابی کے ساتھ مکمل کیاگیاتھا۔ مشرق وسطیٰ اوروسطی ایشیا کیلئے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹرجہاد آذر نے اس یقین کااظہارکیا کہ آئی ایم ایف بورڈسے منظوری کے بعد پاکستان کے ساتھ سٹاف سطح کامعاہدہ جلد ہوجائیگا۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کاسلسلہ جاری ر ہے گا اورآئی ایم ایف کاپروگرام بروقت مکمل ہوگا،انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے اپنا مثبت کردارجاری رکھے گا۔وزیرخزانہ نے 9 ویں جائزہ کی تکمیل میں جہاد آذر اوران کے ہمراہ آئی ایم ایف کی ٹیم کے تعاون کوسراہا۔