نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کا میکسیکو کے ساتھ مل کر مہاجرین کے مسئلے کو حل کرنے کا اعلان

100

واشنگٹن ۔20دسمبر (اے پی پی):نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انکی حکومت میکسیکن حکومت کے ساتھ مل کر مہاجرین کی امریکہ میں غیر قانونی آمد کو روکنے کے لیے کام کرے گی اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ اس غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے اس کے بنیادی اسباب کا خاتمہ کیاجائے۔ جو بائیڈن کی ٹیم کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اپنے میکسیکن ہم منصب لوپزاوبراڈورسے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور میکسیکو کے مابین امیگریشن کے مسئلےکے حل کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔ دونوں رہنماوں نے اس امر پراتفاق کیا کہ مستقبل میں میکسیکو، ہنڈراس ، ایل سلواڈور اور گوئٹے مالا سیمت لاطینی امریکی ممالک کے مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دورس پالیسیوں کی تشکیل دی جائے اور علاقے سے امیگریشن کے بنیادی اسباب غربت ، منشیات کی سمگلنگ اور دیگر کے تدارک کے اقدامات کیے جائیں ۔ موجودہ امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ اور میکسیکو کے مابین امیگریشن کے سلسلے میں کافی سخت موقف اختیار کیا تھا اور امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر ایک دیورا کی تعمیر کا اعلان بھی کیا تھا تاکہ غیر قانونی امیگریشن کا راستہ روکا جاسکے۔