Election day banner
16.2 C
Islamabad
منگل, دسمبر 10, 2024
ہومقومی خبریںنگران حکومت کے حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر...

نگران حکومت کے حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط کیا،انوار الحق کاکڑ

- Advertisement -

لندن ۔25ستمبر (اے پی پی): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دوست ممالک کی جانب سے رقوم کی فراہمی سمیت مثبت اشاریوں نے مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم اور صنعتی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، نگران حکومت کے حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط کیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیراعظم سے لندن کی کیپٹل و فنانشل مارکیٹ کے سینئر رہنمائوں نے پاکستان ہائوس لندن میں ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں نمایاں سرمایہ کاری کرنے والی فرموں میں فیلڈیلٹی انٹرنیشنل لمیٹڈ (ایف آئی ایل)، ولنگٹن مینجمنٹ، اشمور، جیفریز انٹرنیشنل، ریڈ ویل کیپٹل، سویٹیکس انڈسٹریل ایس اے، آکسفورڈ فرنٹیئر کیپٹل، گارنٹکو، جے پی مورگن، کالراک کیپٹل اور یو بی ایل (یوکے) کے نمائندے شامل تھے۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان کے موجودہ معاشی منظرنامہ سے آگاہ کرتے ہوئے بیرونی کھاتوں کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط کیا، استحکام کیلئے امید کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دوست ممالک کی جانب سے رقوم کی آمد سمیت مثبت اشاریوں نے مہنگائی میں کمی، مستحکم ذخائر اور صنعتی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے اہم شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات اور آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے مثبت اثرات، معیشت اور کرنسی کے استحکام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں کے خاتمے، زرعی مدد اور درمیانی مدت کے افراط زر کے اہداف کیلئے مالیاتی اقدامات کے بعد تجارت میں بہتری آئی ہے، زراعت اور صنعت میں بہتری آئی ہے، مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

وزیراعظم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حوالے سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کی سرمایہ کاری کی حامل کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس کونسل سے سرمایہ کاری کے عمل کیلئے راہیں ہموار ہو رہی ہیں، اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور کاروباری منظرنامہ کو آسان بنا کر طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے پر کاربند ہیں۔

برطانوی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں آئی ایم ایف پروگرام کے تسلسل اور قلیل و وسط مدتی اصلاحاتی کوششوں کے بارے میں معلومات لیں۔ وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں کی گئی اصلاحات کرکے آئی ایم ایف پروگرام سے وابستگی کا اظہار کیا ہے۔

سرمایہ کاروں نے پاکستان کی مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے امید افزاء مواقع تلاش کرنے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا جو اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں بڑھتی ہوئی باہمی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں