نگران وزیرداخلہ کی رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

65

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور ساجد حسین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اورسوگواروں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں،پوری قوم شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

انہوں نےکہا کہ ملک دشمن عناصرکی امن وامان کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔دہشت گردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کا فرض ہر صورت نبھائیں گے۔