نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری کوششوں میں پیشرفت پر تبادلہ خیال

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،

ابوظہبی۔28نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کیلئے پرعزم ہےاور اس کوشش میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت دار مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف ) کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ٹیلی فون کیا جس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری کوششوں میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اس وقت متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ٹیلی فون کال کے دوران وزیر اعظم اور بل گیٹس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان بھر میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید بر آں غذائی قلت کے مسائل اور ماں و بچہ کی صحت کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کے لئے پرعزم ہے اور اس کوشش میں بی ایم جی ایف جیسے قابل اعتماد شراکت دار مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔