نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا سی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ اور والٹن روڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ،ترقیاتی کاموں کامعائنہ کیا

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز سی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ اور والٹن روڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پورے والٹن روڈ کا معائنہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے والٹن روڈ پر سیوریج کا پانی کھڑا دیکھ کر گاڑی رکوائی اور پانی کی جلد نکاسی کے لئے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ والٹن روڈ پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایم ڈی واسا اور سی بی ڈی حکام پانی کی جلد نکاسی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ وزیراعلی نے تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

والٹن روڈ سگنل فری کوریڈور بنے گا-سی بی ڈی پنجاب والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن کے ذریعے ٹریفک اور ڈرینج کا دیرینہ مسلہ حل ہوگا۔ سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ و والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبے پر 9.5 ارب روپے لاگت آئیگی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی عمران امین نے پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت ڈائیورژن ورکس، کنڈریوٹ، تنصیبات کی منتقلی، اے ڈی اے نالہ کا کام ہوگا۔ منصوبے کا کنٹریکٹ این ایل سی کو دیا گیا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ کے انفراسٹرکچر پر بھی کام کر رہی ہے۔

سی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ میں سیوریج کا کام جاری ہے اور کھدائی جاری ہے۔ اے ڈی اے نالے کی صفائی کا کام جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سی بی ڈی پنجاب باب پاکستان کی یادگار کو مکمل کریگا۔ سی بی ڈی پنجاب علاقے میں گرین سپیسس بنائے گا۔ سی بی ڈی پنجاب علاقہ مکینوں کیئے کھیل کے میدان بھی بنائے گا۔ والٹن روڈ پر اوور ہیڈ برج اور انڈرگروانڈ کراسنگ ہونگی۔ سیوریج کے لئے ایک الگ مختص لائن ہوگی جو کہ ہڈیارا ڈرین تک جائے گی۔والٹن روڈ پر پروٹیکشن یو ٹرنز ہونگے۔ صوبائی وزرا عامر میر، اظفر علی ناصر، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور سی بی ڈی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔