اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان کےنگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدوی سے ملاقات کی۔خلیجی خطے کے برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جی سی سی کو خطے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھتا ہے جو پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کے فروغ پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک جامع شراکت داری قائم کرنے کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس کے جلد نتیجہ اخذ کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری جنرل نے پاکستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔
نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، جو دونوں فریقوں کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے مشترکہ ایکشن پلان کے مطابق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اسلام آباد میں جی سی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے جیسا کہ رواں سال مارچ میں ہونے والے سیاسی مذاکرات کے پہلے اجلاس کے دوران تجویز کیا گیا تھا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور معصوم شہریوں کے خلاف بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا۔پاکستان اور جی سی سی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافتی مماثلت سے جڑی ہوئی ہیں۔